بھوپال،4؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) مدھیہ پردیش میں رام مندر کیلئے چندہ اکٹھا کرنے کیلئے نکالی گئی ریلیوں پر پتھراؤ کے الزامات کے بیچ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست میں پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانون بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں خاطیوں کی املاک ضبط کرنے کا التزام بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ اِندور، مندسور اور اُجین میں بی جےپی یو ا مورچہ اور بجرنگ دل کے ذریعہ نکالی گئی ریلیوں کو نہ صرف مسلم اکثریتی علاقوں سے گزارا گیا بلکہ اس دوران اشتعال انگیزی کا مظاہرہ بھی کیاگیا جس کی وجہ سے حالات نے فرقہ وارانہ رخ اختیار کرلیا۔ ایک طرف جہاں ریلی پر پتھراؤ کے واقعات پیش آئے وہیں دوسری طرف ریلی میں شامل افراد نے گھروں میں گھس کو لوٹ مار کی ،مسجد کے باہر ہنومان چالیسا پڑا اور اس کے میناروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس کے باوجود سارا الزام اقلیتوں کے سر تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اتوار کو میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ ’’پتھر پھینکنے والے سماج کے دشمن ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی عام سا جرم نہیں ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے موت ہوسکتی، دہشت پھیل سکتی ہے اور افراتفری کے نتیجے میں نظم ونسق خراب ہوسکتاہے۔ ان کے مطابق’’اب تک اسے چھوٹا جرم سمجھا جاتاتھا مگر اب ہم قانون لانے جارہے ہیں جس کے تحت ملزمین کو نقصان کی قیمت بھی چکانی پڑیگی۔‘‘